تعارف

لاہور سائنس میلہ  ۲۰۲۲ کا مقصد بالعموم عوام الناس اوربالخصوص نوجوانوں میں سائنسی شعور اجاگر کرنا ہے ۔ نیز میلےمیں سائنس کی حیرت انگیز نمائشوں کے ذریعے طلبہ و طالبات کو سائنس بطور شعبہ اختیار کرنے کی ترغیب دی جائے گی ۔ دورِجدید میں سائنس کے تجرباتی پہلو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ صرف نظریاتی سائنس پر زور دینے سے ، اور وہ بھی پھیکے ترین اور بے جان انداز میں، سائنس کی وُسعت اور حیرت سامانی کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ چنانچہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سائنس کے دونوں پہلوؤں میں مطابقت پید ا کی جائے ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ربط ، ان علوم و فنون کی معاشرتی اور معاشی حیثیت ، پاکستان میں بسنے والے جانوروں اور پودوں کی تشہیر ، انسانی جسم کی ساخت اور جان لیوا بیماریوں کے سُراغ ، توانائی اور بِجلی کی کفایت کے نِت نئے طریقوں ، دور دراز محوِ پرواز سیاروں اور کہکشاوں کے نظاروں اور ان جیسے بے شمار مظاہر اور آلات کا ایسا حسین مرقع پیش کیا جائے کہ برسوں یاد رہے۔ بس یہی لاہور سائنس میلے ۲۰۲۲ کا اصل مقصد ہے۔

اگرچہ پاکستان میں ہنر اور ذہانت کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن اکثر اوقات سائنس دانوں کو اپنی ایجادات کو منظرِعام پر لانے کا موقع نہیں ملتا۔ہم چاہتے ہیں کہ یہ نادر موقع ہر ابھرتے ہوئے سائنس دان کو میسّر ہو۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی یہ میلہ ہےجو نہ صرف سائنس دان کو سائنس دان سے بلکہ عوام کو بھی سا‏ئنس دانوں ، مُوجِدوں اور صنعت و حِرفت کے شعبوں سے منسلک افراد سے روشناس کر ائے گا۔

دورِحاظر میں پاکستان میں سائنسی تحقیق اور جدت ودریافت کی فراوانی ہوگئی ہے جس کی بدولت سائنسی وجدان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یاد رہے صنعتی ترقی اور معاشی خوشحالی بھی اسی وجدان کی مرہونِ منّت ہے۔ انسان چاہے عمر کے کسی بھی حصے میں ہو، اس کے اندر کا تجسس نہیں مرتا۔بالکل اسی جذبے کو بانٹنے کے لیے ہم ہر طبقے اور ہر عمر کے لوگوں کو اس میلے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

المختصر خوارزمی سائنس سوسائٹی اور علی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن آپ کو بطور نمائش کنندہ یا بطور ناظر شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ میلے میں ہم ایسے مظاہروں کی نمائش چاہتے ہیں جو عوام کے لئے سائنس کو آسان فہم اور دلکش انداز میں پیش کریں۔ برا ‏‏ئے مہربانی یہ دعوت نامہ اپنے احباب اور ساتھیوں کی خدمت میں بھی پیش کریں۔
پچھلے تین سال لاہور سائنس میلے عوام الناس کی بھر پور شرکت کی وجہ سے کا میاب رہے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔